اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے پاکستان پر بھارت میں دہشت گردی کے لیے افراد بھیجنے کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ یہ اپنے داخلی سیکیورٹی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور ایسے بے بنیاد دعوؤں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
اس سے قبل بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں نے ملک کی مختلف ریاستوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پاکستان سے مبینہ طور پر منسلک 200 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد مبینہ تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بغیر ثبوت کے ایسے الزامات عائد کرنا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد پروپیگنڈے کے بجائے حقائق پر مبنی مؤقف کو اہمیت دے۔




