آفتاب اقبال نے اپنے ٹاک شو کے دوران آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ معاملات ابھی تک قابو میں آتے نظر نہیں آ رہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ اگر دوبارہ طاقت کا استعمال کیا گیا جیسا کہ گزشتہ ہفتوں میں دیکھنے میں آیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
آفتاب اقبال نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہرگز تشدد کا راستہ اختیار نہ کریں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیزن جرنلزم آج کے دور کا ایک مؤثر ذریعہ ہے لہٰذا جہاں بھی کسی قسم کی زیادتی یا ناانصافی نظر آئے اس کی ویڈیو ریکارڈ کریں حقائق کے ساتھ اپنی آواز شامل کریں اور دنیا تک پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص طاقتور حلقوں کا براہِ راست مقابلہ نہیں کر سکتا تو دانشمندی کا تقاضا ہے کہ اپنی جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے حقائق کو محفوظ انداز میں سامنے لائے۔
آفتاب اقبال نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ولاگز، ویڈیوز اور خیالات انہیں بھیجیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے تمام پلیٹ فارمز عوام کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں اور وہ ان کی آواز کو آگے پہنچانے کی کوشش کریں گے۔
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ کسی بھی صورت تشدد کو موقع نہ دیا جائے کیونکہ پرامن جدوجہد اور مؤثر انداز میں حقائق سامنے لانا ہی مسائل کے حل کا بہتر راستہ ہے۔



