ایل اے 17 حویلی فارورڈ کہوٹہ میں بیلٹ پیپرز پر مبینہ طور پر دستخط اور مہریں لگانے کے الزام میں حراست میں لیے گئے دونوں پریزائیڈنگ افسران کو بغیر مقدمہ درج کیے رہا کر دیا گیا، تاہم انہیں پولنگ ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ممتاز آباد کے دو پولنگ اسٹیشنز پر تعینات پریزائیڈنگ افسران سید حمید بخاری اور لیاقت حسین کیانی کو پولنگ سے ایک رات قبل پولنگ میٹریل میں مبینہ بے ضابطگی اور بیلٹ پیپرز پر دستخط و مہریں لگاتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔

دونوں کی جگہ نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دیے گئے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے دونوں افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق حلقہ ایل اے 17 میں چوہدری محسن عزیز اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔