**کھوئی رٹہ میں مسلم لیگ (ن) کو بڑی سیاسی کامیابی، شاداب سکندر خان اپنے گروپ سمیت ن لیگ میں شامل**
کھوئی رٹہ کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں شاداب سکندر خان اپنے بڑے سیاسی گروپ سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شاداب سکندر خان نے اس سے قبل آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد ازاں وفاقی قیادت کی جانب سے ان سے رابطے کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ اور امیر مقام نے شاداب سکندر خان کو ٹیکنوکریٹ نشست دینے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نے انہیں حلقہ کھوئی رٹہ سے پارٹی امیدوار ایاز احمد کی بھرپور حمایت کرنے کی ہدایت کی۔
اسی سلسلے میں آج کھوئی رٹہ میں ایک بڑا شمولیتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں شاداب سکندر خان نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا خیال تھا کہ شاداب سکندر خان کی حمایت کے بغیر حلقہ کھوئی رٹہ میں کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ اس نئی سیاسی صف بندی کے بعد حلقے میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔



